ہم پورا پاکستان بند کرنے کا پلان کر رہے ہیں: شفیع جان
وزیراطلاعات کےپی شفیع جان نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 2 سال میں ہم نے مذاکرات کو بھی وقت دیا، وزیراعظم اتنا بے بس ہے کہ اپوزیشن لیڈر سے ملاقات نہیں کر پا رہا، جب بھی ایسا مومنٹم بنتا ہے تو حکومت پر خوف طاری ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان کے پاس عدالتی فیصلہ ہے تو ہمارے پاس آئین پاکستان ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ سے پوچھنا چاہیےآپ نے عمران خان کی صحت پر 20 فیصلے دیئے، ان فیصلوں پر کوئی عمل درآمدنہیں ہو رہا،ہائیکورٹ اپنے فیصلوں پر عمل کروائے۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ اپنی ساکھ اور وقار کو بحال کرے، عدالتی فیصلے پر ریویو پٹیشن کیلئے قانونی ٹیم مشاورت کر رہی ہے، بیرسٹر گوہر کا محسن نقوی سے رابطہ رہتاہے، محسن نقوی پریس کانفرنس میں دھمکیاں دے رہے تھے، کہتے ہیں گولی چلائیں گے تو ہم بھی گولی چلائیں گے،ہم نے کب گولی چلائی؟ ہم 27ستمبر کو نکلیں گے،20لاکھ سے زیادہ لوگ ساتھ ہوں گے۔
ان کا کہناتھا کہ کے پی کاقافلہ سہیل آفریدی کی قیادت میں اسلام آبادکی طرف بڑھےگا، باقی صوبوں کے لوگوں کو ہم اسلام آباد کی طرف نہیں بلا رہے، کے پی کے قافلے کیلئے 4 پلان ہم نے بنائے ہیں، 27سے 3دن پہلے ہم بتائیں گے اسلام آباد میں کیا کرنا ہے،کہاں بیٹھناہے، اس بار ہماری تیاری فول پروف ہے، انہوں نے جتنی بڑھکیں مارنی ہیں 27ستمبر سے پہلے مار لیں، ہمارے پاس بھی غلطی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کے طبی معائنے کیلئے ڈاکٹرز کی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچ گئی
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اس بار جو پلان ہم نے کیا ہے ان کے ہوش ٹھکانےآجائیں گے، پنجاب میں مریم نواز فیڈریشن کیلئے خطرہ ہے، ہم لاہور،حیدرآباد،کراچی اور بڑے شہروں کو بند کریں گے، ہمارے ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداران اپنے شہر بند کریں گے، کے پی کا قافلہ اسلام آباد کی طرف بڑھےگا، ہم پورا پاکستان بند کرنے کا پلان کر رہے ہیں ، بڑے شہروں کی اہم شاہراوں پر ہمارے لوگ بیٹھیں گے، جو کنٹینر ہم کےپی سے روانہ کریں گےاسکی ڈرائیونگ سیٹ پر سہیل آفریدی ہوں گے، اس کنٹینر پر واضح اور بڑے انداز میں لکھا ہو گاآزادی یا شہادت ۔