لانگ مارچ کا حتمی پلان کس کے پاس؟ شیخ وقاص نے بتا دیا
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے نجی ٹی وی چینل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 27 ستمبر کو ہونے والے لانگ مارچ کا حتمی منصوبہ وزیراعلی خیبر پختونخوا کے پاس ہے، انہوں نے کہا کہ سہیل آفریدی جب پارٹی کے ساتھ حتمی پلان شیئر کریں گے تو وہ میڈیا کو بھی اس سے آگاہ کر دیں گے تاہم وزیراعلیٰ کا باضابطہ بیان آنے تک وہ اس حوالے سے کوئی تفصیل نہیں بتائیں گے۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اگر لانگ مارچ کا پلان پہلے ہی بتا دیں تو حکومت کی جانب سے پہلے ہی سختیاں شروع ہو جائیں گی۔
پی ٹی آئی رہنما نے دعویٰ کیا کہ پارٹی کے ایک رہنما پولیس حراست میں انتقال کر گئے، جن کی تدفین اور اہل خانہ سے تعزیت کے لیے جاتے ہوئے سلمان اکرم راجہ کو گرفتار کیا گیا۔
شیخ وقاس اکرم نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بقول موجودہ کاروائیوں سے حکومت خود کو قومی سطح پر تنقید کا نشانہ بنا رہی ہے اور عالمی سطح پر بھی اس کی کمزوری ظاہر ہو رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کا مسلم لیگ (ن) کو سیاسی چیلنج
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے کوئی اشتعال انگیز قدم نہیں اٹھایا گیا اور کارکن پرامن احتجاج کا آئینی حق استعمال کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے احتجاج کی کال دی جسے پارٹی کارکنوں نے قبول کیا، ان کے مطابق سہیل آفرید پہلے سندھ اور پنجاب گئے جہاں اسٹریٹ موومنٹ کی گئی تاہم پنجاب میں پی ٹی آئی کارکنوں کی گرفتاریاں ہوئیں اور رہنماؤں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے۔
شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن جاری ہیں لیکن ان کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران اس نوعیت کی کاروائیاں نہیں دیکھی گئیں، انہوں نے دعویٰ کیا کہ کارکنوں کی جانب سے توڑ پھوڑ نہیں کی جا رہی اسکے باوجود کاروائی کی جارہی ہے۔
انہوں نے لاہور میں کارکنوں پر مبینہ تشدد کا حوالہ دیتے ہوئے سوال اٹھایا کہ اگر کارکنوں کی جانب سے کوئی اشتعال انگیزی نہیں کی گئی تو پولیس کی جانب سے کاروائی کیوں کی گئی۔
پی ٹی آئی رہنما نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اگر پرامن احتجاج کا حق نہیں دینا تو آئین میں اس سے متعلق شقیں بھی ختم کر دی جائیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے مطابق 26ویں آئینی ترمیم کے بعد بھی عدالتوں سے انصاف کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔