عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائما نے دوسری شادی کرلی
تفصیلات کے مطابق ڈیلی میل نے اپنی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ ایوارڈ یافتہ فلم پروڈیوسر اور آنجہانی شہزادی ڈیانا کی قریبی دوست 52 سالہ جمائما گزشتہ ہفتے کے آخر میں 62 سالہ کیمرون او ریلی سے شادی کے بندھن میں بندھ گئیں۔
آئرش نژاد آسٹریلوی کیمرون اوریلی آنجہانی میڈیا ٹائیکون اور بین الاقوامی رگبی اسٹار سر انتھونی او ریلی کے بیٹے ہیں۔
اس سے قبل دی میل آن سنڈے نے مئی میں انکشاف کیا تھا کہ ایک سالہ قربت کے بعد دونوں کی منگنی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کے مخالفین سے جمائما گولڈ اسمتھ پریشان؟
جمائما اور کیمرون کی ملاقات اس وقت ہوئی جب کیمرون متعدد ڈاکیومنٹریز اور فلموں میں ایگزیکٹو پروڈیوسر کے طور پر کام کررہے تھے، دونوں پہلے دوست بنے اور بعد میں ان کی دوستی رومانوی تعلق میں تبدیل ہوگئی۔
جمائما کے ایک قریبی دوست نے اس سے قبل بتایا تھا کہ دونوں ایک دوسرے کو کافی عرصے سے جانتے تھے، ان کی ملاقات کام کے سلسلے میں ہوئی تھی اور رومانوی تعلق سے پہلے وہ کچھ عرصے تک دوست رہے۔
جمائما کے بھائی بین گولڈ اسمتھ نے تصدیق کی کہ جوڑے نے گزشتہ رات شادی کر لی ہے۔
واضح رہے کہ جمائما گولڈ سمتھ نے سابق پاکستانی وزیراعظم اور سابق کپتان عمران خان سے شادی کی تھی، دونوں کی شادی 1995 میں ہوئی تاہم 9 سالہ ازدواجی زندگی کے بعد 2004 میں ان کی علیحدگی ہوگئی۔
جمائما اور عمران خان کے دو بیٹے سلیمان اور قاسم ہیں، طلاق کے بعد بھی جمائما کے عمران خان کے ساتھ تعلقات اور ان کے بچوں سے متعلق معاملات عالمی میڈیا میں زیر بحث رہے ہیں۔