قاتلانہ حملے میں بی اے پی رہنما عبدالرحمان لانگو جاں بحق
پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کا واقعہ کلی بھٹو کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم مسلح افراد نے عبدالرحمان لانگو کو ان کے گھر کے باہر نشانہ بنایا۔ حملہ آوروں کی تعداد 7 سے 8 بتائی جارہی ہے، جنہوں نے اچانک فائرنگ کی اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں عبدالرحمان لانگو شدید زخمی ہوئے، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے تلاش شروع کردی گئی ہے، واقعے کے محرکات تاحال سامنے نہیں آسکے۔
واضح رہے کہ عبدالرحمان لانگو کا شمار نوشکی کی متحرک سیاسی اور سماجی شخصیات میں ہوتا تھا۔ وہ بلوچستان عوامی پارٹی کے ضلع نوشکی کے صدر ہونے کے ساتھ ساتھ یونین کونسل باغک کے چیئرمین بھی تھے۔
یہ بھی پڑھیں:تیز رفتار کار ٹرالر سے ٹکرا گئی، 4 افراد جاں بحق
واقعے کے بعد سیاسی و سماجی حلقوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، مقامی سطح پر ملزمان کی فوری گرفتاری اور واقعے کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔