بجلی فی یونٹ قیمت میں 2 روپے 51 پیسے اضافہ
تفصیلات کے مطابق نیپرا نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی جانب سے ماہ جولائی کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دی۔
ایف پی اے کے تحت بجلی کی قیمت میں 2 روپے 51 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا، جس کا براہ راست اثر صارفین کے آئندہ بجلی کے بلوں پر پڑے گا۔ اضافے کے باعث رواں ماہ صارفین سے اربوں روپے اضافی وصول کیے جانے کا امکان ہے۔
نئی قیمت کا اطلاق ماہ جولائی میں استعمال ہونے والے بجلی کے یونٹس پر ہوگا، صارفین کو اضافی رقم موجودہ بجلی کے بلوں میں ادا کرنا پڑے گی۔
بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافے سے پہلے ہی مہنگائی اور بلند بجلی کے بلوں سے پریشان عوام پر مزید مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ بجلی کے بڑھتے ہوئے نرخوں نے گھریلو بجٹ شدید متاثر کردیا ہے اور ہر ماہ آنے والے بھاری بلوں کی ادائیگی مشکل ہوتی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مرغی اور انڈے مزید مہنگے ہوگئے
واضح رہے کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی قیمتوں میں ردوبدل ایندھن کی لاگت میں ہونے والی تبدیلی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، نیپرا کے فیصلے کے بعد اضافی رقم بجلی صارفین سے وصول کی جائے گی۔