اپنی چھت اپنا گھر منصوبہ، اعداد و شمار جاری
محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق منصوبے کے تحت اب تک اربوں روپے کے ہاؤسنگ قرضے جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ ہزاروں خاندان اپنے ذاتی گھر کے خواب کو حقیقت میں بدل چکے ہیں۔
محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق پروگرام کے تحت مجموعی طور پر 231 ارب روپے سے زائد کے قرضے جاری کیے گئے ہیں۔ ان قرضوں کی مدد سے اب تک ایک لاکھ 8 ہزار 977 گھر مکمل کیے جا چکے ہیں، جبکہ مزید 26 ہزار 128 گھروں کی تعمیر مختلف مراحل میں جاری ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کیلئے مجموعی طور پر 14 لاکھ 26 ہزار 556 درخواستیں موصول ہوئیں، جو عوام کی بھرپور دلچسپی کا مظہر ہیں۔
محکمہ ہاؤسنگ کا کہنا ہے کہ مزید 7 ہزار 740 قرضے جاری کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، جن کیلئے 14 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ہاؤسنگ قرضوں کی فراہمی کا پورا نظام شفاف، آسان اور ڈیجیٹل بنایا گیا ہے تاکہ مستحق افراد کو بغیر کسی رکاوٹ کے مالی معاونت فراہم کی جا سکے۔ اس جدید نظام کے ذریعے درخواستوں کی جانچ، منظوری اور قرضوں کی تقسیم کا عمل مسلسل جاری ہے۔
محکمہ ہاؤسنگ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت شہریوں کو باوقار رہائش کی سہولت فراہم کرنے کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان ریلوے نے دو بند ٹرینیں دوبارہ چلانے کا اعلان کر دیا
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد کم آمدن والے خاندانوں کو ذاتی گھر کی سہولت فراہم کرنا اور صوبے میں رہائشی ترقی کے عمل کو مزید فروغ دینا ہے۔