نئے صوبوں کے قیام پر ن لیگ اور پی ٹی آئی ایک صفحے پر آگئے
حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں کے حالیہ بیانات نے اس تاثر کو تقویت دی ہے کہ آئندہ دنوں میں نئے انتظامی یونٹس کے قیام پر عملی پیش رفت دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا کہ ملک میں نئے صوبے ضرور بنیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اس معاملے پر پیش رفت ہوگی، نہ وزیراعظم شہباز شریف کہیں جا رہے ہیں اور نہ ہی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، اس لیے نئے صوبوں کے قیام کا عمل موجودہ حکومت ہی مکمل کرے گی۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے بھی نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ن لیگ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر محسن نقوی کی رائے سے اتفاق کرتے ہیں۔
ان کے مطابق ملک میں انتظامی امور کو بہتر بنانے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے نئے صوبوں کا قیام ضروری ہے۔
ملک عامر ڈوگر نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ اگر نئے صوبے بنانے کا عمل شروع ہوتا ہے تو جنوبی پنجاب سب سے پہلے نیا صوبہ بنے گا، کیونکہ اس خطے کے عوام طویل عرصے سے الگ صوبے کا مطالبہ کرتے آ رہے ہیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کیلئے صرف سیاسی اتفاق رائے کافی نہیں بلکہ آئینی ترمیم اور پارلیمنٹ میں مطلوبہ اکثریت بھی ضروری ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ
اگر حکومت اور اپوزیشن اس معاملے پر مشترکہ حکمت عملی اختیار کرتے ہیں تو مستقبل میں نئے صوبوں کے قیام کی راہ ہموار ہو سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ پارلیمنٹ اور آئینی تقاضوں کے مطابق ہی کیا جائے گا۔