سہیل آفریدی کے بھائی کیخلاف سنگین الزام، اپنے ایم پی اے نے خط لکھ دیا
عبدالغنی آفریدی کی جانب سے وزیراعلیٰ کو لکھا گیا خط سوشل اکاؤنٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر بھی شیئر کیا گیا، جس میں مؤقف اپنایا گیا کہ نوید آفریدی حلقے میں کھلی کچہریوں کا انعقاد اور ان کی سرپرستی کرتے ہیں، سرکاری محکموں کے افسران کو ان میں شرکت پر مجبور کیا جاتا ہے اور شرکت نہ کرنے والے افسران کو تبادلوں کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔
خط میں کہا گیا کہ اس مبینہ مداخلت سے ایک منتخب عوامی نمائندے کے طور پر ان کا سیاسی وقار متاثر ہو رہا ہے، عبدالغنی آفریدی نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ وہ اس معاملے سے پہلے بھی متعدد بار وزیراعلیٰ کو آگاہ کر چکے ہیں، جبکہ صوبائی وزیر مینا خان آفریدی کے ذریعے بھی شکایت پہنچائی گئی، تاہم کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی، ضلعی انتظامیہ اور بعض سرکاری افسران کے کردار پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:رہنما مسلم لیگ (ن) لعل بخش جتوئی ٹریفک حادثے میں جاں بحق
رکن صوبائی اسمبلی نے سہیل آفریدی سے مطالبہ کیا کہ مبینہ سیاسی و انتظامی مداخلت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے، اگر صورتحال برقرار رہی تو وہ مزید قانونی اور سیاسی اقدامات پر غور کریں گے۔