رہنما مسلم لیگ (ن) لعل بخش جتوئی ٹریفک حادثے میں جاں بحق
ان کے انتقال کی خبر سے سیاسی اور سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی۔
ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب لعل بخش جتوئی کی کار سڑک کے کنارے کھڑے ایک رولر سے ٹکرا گئی، تصادم اتنا شدید تھا کہ وہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور مقامی افراد جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، جبکہ ضروری قانونی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا۔
لعل بخش جتوئی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سرگرم رہنما اور ضلع میں جماعت کی اہم سیاسی شخصیت سمجھے جاتے تھے۔ وہ ماضی میں نائب ناظم کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے تھے اور عوامی مسائل کے حل کیلئے متحرک کردار ادا کرتے رہے۔
گزشتہ عام انتخابات میں انہوں نے صوبائی اسمبلی کی نشست پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر انتخاب بھی لڑا تھا، اگرچہ وہ کامیاب نہ ہو سکے، تاہم وہ اپنی جماعت کی تنظیمی سرگرمیوں اور عوامی رابطہ مہم میں مسلسل فعال رہے۔
حادثے کے بعد سیاسی رہنماؤں، کارکنوں اور مقامی شخصیات نے لعل بخش جتوئی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مختلف رہنماؤں نے مرحوم کی سیاسی و سماجی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے علاقے میں ایک بڑا سیاسی خلا پیدا ہو گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایران نے ایک بار پھر آبنائے ہرمز بند کر دی
دوسری جانب پولیس نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ اہلِ خانہ اور کارکنان مرحوم کی نمازِ جنازہ اور تدفین کے انتظامات میں مصروف ہیں۔