لیسکو کا ایک لاکھ سے زائد سمارٹ میٹرز لگانے کا فیصلہ
رپورٹس کے مطابق نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے لیسکو کو ایک لاکھ سے زائد اے ایم آئی سمارٹ میٹرز نصب کرنے کا ہدف دیا ہے۔ یہ جدید میٹرز ان علاقوں اور فیڈرز پر ترجیحی بنیادوں پر لگائے جائیں گے جہاں بجلی چوری اور لائن لاسز کی شرح زیادہ ہے۔
حکام کے مطابق اس منصوبے پر تقریباً ایک ارب 50 کروڑ روپے لاگت آئے گی، جس کے تحت سنگل فیز اور تھری فیز سمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے۔ لیسکو انتظامیہ نے رواں سال کے دوران نیپرا کی جانب سے مقرر کردہ اہداف مکمل کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں۔
منصوبے کی تفصیلات کے مطابق زیادہ لائن لاسز والے علاقوں میں 94 ہزار 800 سنگل فیز سمارٹ میٹرز جبکہ بجلی چوری سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں 5 ہزار 400 تھری فیز سمارٹ میٹرز نصب کیے جائیں گے۔
لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ سمارٹ میٹرز کی تنصیب سے بجلی کے استعمال کی بہتر نگرانی ممکن ہو سکے گی، جبکہ بجلی چوری کی نشاندہی اور روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔ جدید نظام کے ذریعے بجلی کی تقسیم کے عمل میں شفافیت پیدا کرنے اور لائن لاسز کم کرنے کا بھی امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مشہور پوڈکاسٹر ریحان طارق کو حراست میں لے لیا گیا
حکام کے مطابق سمارٹ میٹرز منصوبہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات کا اہم حصہ ہے، جس کا مقصد صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بجلی کے نظام کو زیادہ مؤثر اور جدید بنانا ہے۔