کرپشن اور نااہلی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی، سہیل آفریدی کا دو ٹوک پیغام
کابینہ ارکان اور انتظامی سیکرٹریز سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ اگر عوام مطمئن نہ ہوں تو بہترین پریزنٹیشن بھی بے معنی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام وزراء ہر ماہ کم از کم سات اضلاع کا دورہ کریں، عوام کے درمیان جائیں اور ان کے مسائل کے فوری حق کو یقینی بنائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیلی کام بل سے نجی جائیداد پر قبضہ نہیں کیا جائے گا، شزا فاطمہ
سہیل آفریدی نے کہا کہ شکایات کے ازالے کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا اور غفلت برتنے والے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ انہوں نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ اپنے شکایات مراکز قائم کر کے انہیں وزیراعلی کمپلینٹ سیل سے منسلک کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے ترقیاتی منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد، رواں مالی سال میں ڈی ایف سی اسکیموں کی بروقت تکمیل اور نئی اسکیموں کے لیے واضح ٹائم لائن مقرر کرنے کی بھی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ تمام وزرا، مشیر اور سیکرٹریز باہمی رابطے، مشاورت، میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر فیصلے کریں۔
انہوں نے اعلان کیا کہ تین ماہ بعد تمام محکموں کی کارکردگی کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا اور ہدایات پر عملدرآمد کی بنیاد پر سزا و جزا کا فیصلہ کیا جائے گا۔