اسحاق ڈار کو غیر ملکی خواتین کیس کیساتھ جوڑنا بے بنیاد ہے: رانا ثنا اللہ
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقدمے کی تحقیقات کے لیے متعلقہ ادارے کے پاس تمام ضروری شواہد موجود ہیں اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے مزید کسی ثبوت کی ضرورت نہیں، ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ خواتین کے دفعہ 164 کے تحت ریکارڈ کیے گئے بیانات ملزمان کو سزا دلانے کے لیے کافی ہیں جبکہ ضرورت پڑنے پر غیر ملکی خواتین کو دوبارہ بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا بعض عناصر مخصوص مقاصد کے تحت اس معاملے کو غیر ضروری طور پر ہوا دے رہے ہیں، انہوں نے فیصل واوڈا کی جانب سے اسحاق ڈار سے استعفے کے مطالبے کو بھی بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: غیر ملکی خواتین سے زیادتی کا معاملہ، ’باس‘ سمیت مزید 5 ملزمان گرفتار
فیصل آباد میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مشیر وزیر اعظم نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ان کے بقول 2018 میں ایک نااہل شخص کے اقتدار میں آنے سے ترقی کا سفر متاثر ہوا جبکہ کھوکھلے نعروں سے ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن ہمیشہ عوامی خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے اور اس کے ادوار میں ملک نے ترقی کی، لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی پر قابو پایا گیا جبکہ موجودہ حکومت نے بھی پاکستان کو معاشی بحران اور ڈیفالٹ سے بچانے میں اہم کردار ادا کیا۔