کہیں گرمی تو کہیں بارشیں،محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹس کے مطابق کراچی، لاہور اور اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں میں موسم کا مزاج مختلف رہے گا، کہیں گرمی اور خشک موسم برقرار رہے گا تو کہیں بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
لاہور میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی، شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں ہے اور مطلع دن بھر صاف رہے گا۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ کم سے کم 27 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ شہر میں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں گی اور نمی کا تناسب 78 فیصد ریکارڈ کیا جا سکتا ہے۔
کراچی میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور دن کے اوقات میں سورج اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہے گی، شام کے وقت ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے، تاہم آئندہ ہفتے شہر میں بڑی بارش کی کوئی توقع نہیں۔ کراچی میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے جبکہ نمی کا تناسب 75 فیصد کے قریب رہے گا۔ مغرب سے 19 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
اسلام آباد میں موسم نسبتاً بہتر اور بارشوں والا رہنے کا امکان ہے، صبح اور رات کے اوقات میں بارش ہو سکتی ہے جبکہ دن کے وقت موسم گرم رہے گا۔ آئندہ 2 سے 3 روز تک وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:مسافر بس گہری کھائی میں جا گری، 16 افراد جاں بحق
گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے موسم خوشگوار ہو سکتا ہے۔ اسلام آباد میں صبح کے وقت درجہ حرارت 27 ڈگری جبکہ دن میں 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ گزشتہ بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں 7 سے 8 ڈگری کمی ریکارڈ کی گئی تھی۔ شہر میں 7 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے جبکہ نمی کا تناسب 55 فیصد سے زائد رہنے کا امکان ہے۔