رواں ہفتے 23 اشیائے ضروریہ مہنگی، 11 سستی ہو گئیں
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار مہنگائی کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی مجموعی شرح میں 0.98 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی تاہم سالانہ بنیادوں پر مہنگائی بڑھنے کی رفتار 13.52 فیصد رہی۔
رپورٹ کے مطابق ہفتہ وار جائزے میں شامل 51 اشیائے ضروریہ میں سے 23 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 11 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ 17 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
ادارہ شماریات کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 19.77 فیصد، ڈیزل میں 17.73 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 12.60 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے صارفین کو کچھ حد تک ریلیف ملا۔
دوسری جانب سبزیوں اور روزمرہ استعمال کی بعض اشیاء کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔
ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر 125.40 فیصد مہنگے ہوئے جبکہ پیاز کی قیمت میں 10.72 فیصد اور آلو کی قیمت میں 10.06 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح انڈوں کی قیمت 8.32 فیصد اور آٹے کی قیمت 5.08 فیصد بڑھ گئی۔
اعدادوشمار کے مطابق چند اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھنے میں آئی، جن میں چکن 1.97 فیصد، کیلے 1.44 فیصد اور مونگ کی دال 1.29 فیصد سستی ہوئی۔
سالانہ بنیادوں پر جائزہ لیا جائے تو ٹماٹر کی قیمت میں 238.72 فیصد، پیاز میں 80.96 فیصد اور آٹے میں 68.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
اسی عرصے کے دوران بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 49.14 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت میں 44.08 فیصد اضافہ بھی سامنے آیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق بعض اشیاء سالانہ بنیادوں پر سستی بھی ہوئیں جن میں آلو 36.60 فیصد، چنے کی دال 22.11 فیصد اور چینی 19.42 فیصد کم قیمت پر دستیاب رہی۔
ماہرین کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی میں کمی کے باوجود سالانہ بنیادوں پر بلند افراطِ زر عوام کے لیے بدستور ایک بڑا معاشی چیلنج ہے۔