شناختی کارڈ پر گھر کا پتہ تبدیل کرانے کا آسان طریقہ جانیے
اب مستقل یا عارضی پتے کی تبدیلی کے خواہشمند افراد ضروری دستاویزات کے ساتھ نادرا دفتر سے رجوع کر سکتے ہیں۔
نادرا کی جانب سے شہریوں کی رہنمائی کے لیے جاری کی گئی ویڈیو میں بتایا گیا ہے کہ اگر کوئی شخص کرائے کے گھر میں رہائش پذیر ہے اور اپنے شناختی کارڈ پر عارضی پتہ تبدیل کروانا چاہتا ہے تو اسے کرایہ نامہ کی کاپی اور بجلی کے بل کی کاپی پیش کرنا ہوگی۔
ان دستاویزات کی بنیاد پر نادرا شہری کے عارضی پتے میں تبدیلی کا عمل مکمل کرے گا۔
نادرا کے مطابق اگر کوئی شہری کرائے کے مکان کا پتہ اپنے شناختی کارڈ پر مستقل پتے کے طور پر درج کروانا چاہتا ہے تو اس کے لیے اضافی طور پر مالک مکان کا بیانِ حلفی بھی درکار ہوگا۔
اس بیانِ حلفی میں مالک مکان کی جانب سے یہ تصدیق کی جائے گی کہ متعلقہ گھر شہری کو کرائے پر دیا گیا ہے اور اسے اس بات پر کوئی اعتراض نہیں کہ کرایہ دار اپنے شناختی دستاویزات میں اس پتے کو مستقل پتے کے طور پر استعمال کرے۔
یہ بھی پڑھیں: بچوں کا ب فارم کب اور کیسے بنوانا ہے؟ نادرا نے طریقہ کار بتا دیا
دوسری جانب اگر مکان شہری کی اپنی ملکیت ہو تو اسے نادرا دفتر میں مکان کے اصل کاغذات دکھانا ہوں گے۔
نادرا حکام کے مطابق اس صورت میں اصل دستاویزات کو دفتر میں اسکین کیا جاتا ہے، شہری کو فوٹو کاپی جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہوتی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس سہولت کا مقصد شہریوں کو درست رہائشی معلومات کے اندراج میں آسانی فراہم کرنا ہے تاکہ شناختی ریکارڈ اپ ڈیٹ اور قابلِ تصدیق رہے۔