پی ٹی اے کی موبائل فون صارفین کو سمز کے حوالے سے خاص تنبیہ
اس حوالے سے شہریوں کی آگاہی کے لیے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر باقاعدہ مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
پی ٹی اے کی جانب سے جاری آگاہی پیغام میں کہا گیا ہے کہ موبائل فون سروس کے مسلسل استعمال کے لیے ضروری ہے کہ صارفین اپنے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ کی میعاد بروقت چیک کریں اور ایکسپائری کی صورت میں فوری طور پر تجدید کرائیں۔
اتھارٹی کے مطابق صرف درست، فعال اور قابلِ تصدیق شناختی کارڈز پر رجسٹرڈ سمز ہی نیٹ ورک پر فعال رکھی جائیں گی۔
پی ٹی اے نے واضح کیا ہے کہ اگر کسی صارف کا شناختی کارڈ ایکسپائر ہو چکا ہے، نادرا ریکارڈ میں غیر مؤثر ہے یا کسی وجہ سے منسوخ ہو چکا ہے تو اس شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ موبائل سمز ریگولیٹری قواعد کے تحت بند کی جا سکتی ہیں۔
اس لیے صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ موبائل سروس میں کسی بھی ممکنہ تعطل سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنے قریبی نادرا رجسٹریشن سینٹر سے رابطہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے کی موبائل فون خریدنے والے صارفین کو خصوصی ہدایت
اتھارٹی کے مطابق شناختی کارڈ کی تجدید کے بعد صارفین کے لیے یہ بھی ضروری ہے کہ وہ اپنی اپ ڈیٹ شدہ معلومات متعلقہ موبائل کمپنی کے ریکارڈ میں بھی درج کروائیں تاکہ سم رجسٹریشن کا ڈیٹا درست اور قابلِ تصدیق رہے۔
پی ٹی اے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد موبائل سمز کے استعمال کو قانونی اور محفوظ بنانا، غیر تصدیق شدہ کنکشنز کی روک تھام اور صارفین کو مستقبل میں سروس بندش سے بچانا ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اپنی شناختی دستاویزات کی بروقت تجدید کو یقینی بنائیں۔