بیرسٹر گوہر نے اقبال آفریدی کو شوکاز نوٹس جاری کردیا
بیرسٹر گوہر خان کے دستخط سے جاری ہونے والے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اقبال آفریدی نے مسلسل پارٹی کے ارکان قومی اسمبلی کے ساتھ غیر مناسب اور توہین آمیز رویہ اختیار کیا، جس کے متعدد واقعات کیمرے میں ریکارڈ ہوئے اور بعد ازاں ٹی وی چینلز اور سوشل میڈیا پر بھی نشر ہوئے۔
شوکاز نوٹس کے مطابق اقبال آفریدی نے قومی اسمبلی کے اجلاسوں کے دوران بھی بارہا پارلیمانی پارٹی کے فیصلوں کی خلاف ورزی کی اور ساتھی ارکان کے علاوہ قومی اسمبلی کے سینئر اور جونیئر عملے کے ساتھ بھی غیر مہذب رویہ اپنایا، جس سے پارٹی کی ساکھ متاثر ہوئی۔
نوٹس میں مزید الزام عائد کیا گیا کہ 23 جون 2026 کو اڈیالہ جیل کے باہر پارٹی ارکان پر ہونے والے حملے کی منصوبہ بندی میں بھی اقبال آفریدی ملوث تھے۔ پارٹی قیادت کا مؤقف ہے کہ ان کے ایک ساتھی نے متعدد ارکان قومی اسمبلی پر حملہ کیا، جبکہ اقبال آفریدی خود بھی اس واقعے میں براہ راست شریک تھے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی ہیں بلکہ انہوں نے عوامی سطح پر تحریک انصاف کی ساکھ، اتحاد اور یکجہتی کو بھی نقصان پہنچایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کار پر فائرنگ، پیپلز پارٹی رہنما غلام نبی مگسی اور اہلیہ جاں بحق
شوکاز نوٹس میں اقبال آفریدی سے ان الزامات پر وضاحت طلب کرتے ہوئے مقررہ مدت میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، بصورت دیگر پارٹی آئین کے تحت مزید تادیبی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔