بجٹ 27-2026: تنخواہوں میں 50 فیصد اضافہ؟ بڑی خبر آگئی
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے غریب اور ملازمت پیشہ طبقے کو ریلیف دینے کے لیے بجٹ تجاویز حکومت کے ساتھ شیئر کر دی ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی نے ملکی معاشی صورتحال اور مہنگائی کے تناظر میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔
پی پی پی ذرائع کے مطابق پارٹی کا مؤقف ہے کہ ملک میں مہنگائی کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں تنخواہوں اور پنشن میں یہ اضافہ ناگزیر ہو چکا ہے۔
علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی نے غریب مزدور طبقے کے لیے ملک میں کم از کم ماہانہ اجرت بڑھا کر 60 روپے کرنے کی تجویز بھی دی ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی پارٹی نے بجٹ میں کسی بھی قسم کے نئے ٹیکسز اور پٹرولیم لیوی میں اضافے کے اقدامات کی سخت مخالفت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایپکا کا ملازمین کی تنخواہوں میں 200 فیصد اضافے کا مطالبہ
پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پہلے ہی عوام سے ضرورت سے زیادہ ٹیکسز اور لیوی وصول کی جا رہی ہے، اب عوام پر مزید بوجھ ڈالنا ظلم کے مترادف ہو گا۔
پی پی پی نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ غریب عوام پر نئے ٹیکسز کا بوجھ ڈالنے کے بجائے ملکی آمدن بڑھانے کے لیے دیگر نئے اور غیر روایتی راستے تلاش کیے جائیں۔
ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے تنخواہ اور پنشن بارے پیپلزپارٹی کے مطالبات ماننے سے انکار کر دیا ہے ،جس کے بعد سیاسی و معاشی بے یقینی کی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔