تفصیلات کے مطابق امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی جانب سے جاری کیے گئے سرکلر میں کہا گیا کہ ملک بھر کے بیشتر پاسپورٹ دفاتر پیر سے جمعرات تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو دفاتر بند رہیں گے۔ حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد توانائی اور دیگر انتظامی اخراجات میں کمی لانا ہے، جو موجودہ معاشی حالات میں حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عراق میں آئل ٹینکروں پر حملے، خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ
سرکلر میں مزید وضاحت کی گئی کہ وہ ریجنل پاسپورٹ دفاتر جو پہلے سے 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں، ان کے اوقات کار میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ یہ دفاتر معمول کے مطابق اپنی خدمات فراہم کرتے رہیں گے تاکہ شہریوں کو پاسپورٹ کے اجرا اور دیگر متعلقہ سہولیات کے حصول میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اسی طرح اسلام آباد کے آسان خدمت سینٹر میں بھی پہلے سے جاری شفٹ سسٹم برقرار رکھا گیا ہے تاکہ عوام کو بلا تعطل سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
حکام کے مطابق یہ نیا شیڈول ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کی منظوری کے بعد جاری کیا گیا ہے اور اس پر فوری طور پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ کفایت شعاری پالیسی کے تحت مختلف اداروں میں توانائی کے استعمال، ایندھن کے اخراجات اور دیگر انتظامی اخراجات کو کم کرنے کے لیے متعدد اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے حال ہی میں کفایت شعاری مہم کے تحت کئی اہم فیصلے کیے ہیں۔ ان فیصلوں میں سرکاری اور نجی دفاتر کے اوقات کار میں تبدیلی، سرکاری افسران کے لیے فیول کی سہولت میں کمی، اور غیر ضروری سرکاری اخراجات کو محدود کرنے جیسے اقدامات شامل ہیں۔