محکمہ موسمیات کے مطابق 16 فروری کو مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے جو مختلف علاقوں میں بارش کا سبب بنے گا۔
رپورٹس میں کہا گیا کہ پیر کی شام اور منگل کے روز بلوچستان کے متعدد اضلاع میں بارش متوقع ہے، اسی نظام کے زیر اثر منگل کو کراچی سمیت سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے، جس سے درجہ حرارت میں کمی کا امکان ہے۔
پیر اور منگل کو وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی، اس کے علاوہ 17 فروری کو جنوبی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔ شمالی بلوچستان، ڈیرہ اسماعیل خان اور ڈیرہ غازی خان میں بعض مقامات پر ژالہ باری کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز پر نیپرا میں نظرثانی درخواست دائر
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ تیز ہواؤں اور ممکنہ ژالہ باری کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر کمزور تعمیرات اور کھڑی فصلوں کو محفوظ بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔
حکام کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ خشک موسم کے بعد خوشگوار تبدیلی لائے گا، تاہم بعض علاقوں میں موسلادھار بارش سے نشیبی مقامات پر پانی جمع ہونے کا خدشہ بھی موجود ہے۔