عمران خان کی صحت پر تشویش، قومی ڈائیلاگ کمیٹی نے بڑا قدم اٹھا لیا
PTI Founder Health
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) قومی ڈائیلاگ کمیٹی نے بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کو باقاعدہ خط ارسال کر دیا۔

خط میں عدالتِ عظمیٰ سے فوری نوٹس لینے اور مناسب حکم نامہ جاری کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

کمیٹی کے مطابق بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی طبیعت کے حوالے سے سنجیدہ خدشات موجود ہیں اور تاحال ان کا باقاعدہ علاج شروع نہ ہونا باعثِ تشویش ہے۔

خط میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ انسانی بنیادوں پر فوری اقدامات کیے جائیں اور انہیں جلد از جلد کسی مستند اسپتال منتقل کیا جائے تاکہ ماہر ڈاکٹروں سے مکمل طبی معائنہ ممکن بنایا جا سکے۔

قومی ڈائیلاگ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کو ان کے ذاتی معالجین تک فوری اور مستقل رسائی فراہم کی جائے تاکہ علاج کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہ آئے۔

خط میں اس امر پر زور دیا گیا کہ قانون اور آئین ہر شہری کو مناسب طبی سہولیات کی ضمانت دیتے ہیں، اس لیے اس معاملے میں تاخیر سنگین نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹرز کا خصوصی پینل آج عمران خان کا معائنہ کریگا

یاد رہے کہ عمران خان اس وقت مختلف مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں اور ان کی صحت سے متعلق خبریں سیاسی حلقوں میں موضوعِ بحث بنی ہوئی ہیں۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے کسی بھی ممکنہ اقدام سے معاملے کی سنگینی میں کمی آ سکتی ہے اور قانونی عمل مزید شفاف ہو سکتا ہے۔