ٹک ٹاکر مسٹر پتلو کو بڑا عدالتی ریلیف، تحریری فیصلہ جاری
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر نے حفاظتی ضمانت سے متعلق تحریری فیصلہ جاری کیا، جس میں درخواست گزار کو متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق درخواست گزار محمد انصر عرف مسٹر پتلو نے عدالت کے سامنے سرنڈر کیا اور مؤقف اختیار کیا کہ وہ اپنے قانونی حقوق کے حصول کیلئے متعلقہ عدالت سے رجوع کرنا چاہتے ہیں۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کو متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا مناسب موقع دینے کیلئے 10 نومبر تک حفاظتی ضمانت منظور کی جاتی ہے۔
عدالت نے واضح کیا کہ حفاظتی ضمانت کا حکم 10 نومبر کو عدالتی وقت ختم ہوتے ہی خود بخود غیر مؤثر ہوجائے گا۔ اس کے بعد درخواست گزار کو اپنے مقدمے کے حوالے سے متعلقہ عدالت سے رجوع کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ مسٹر پتلو کے خلاف درج مقدمے میں قتل بالسبب، غیرقانونی اجتماع، ہنگامہ آرائی اور بھگدڑ مچنے سے ایک شخص کے جاں بحق ہونے کے الزامات شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:رجب بٹ کا مسٹر پتلو کے مشکل وقت میں ساتھ دینے کا اعلان
اسلام آباد ہائیکورٹ کے اس فیصلے سے ٹک ٹاکر کو متعلقہ عدالت میں قانونی کارروائی کیلئے عارضی ریلیف مل گیا ہے، تاہم حفاظتی ضمانت کی مدت 10 نومبر تک محدود رکھی گئی ہے۔