زندگی کے اس حصے میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، ماہرہ خان
ماہرہ خان نے کہا کہ مجھے زندگی کے اس حصے میں دوبارہ ماں بننے کی توقع نہیں تھی، اس وقت میری زندگی پہلے ہی ایک خاص سمت میں آگے بڑھ رہی تھی، میرا بیٹا بڑا ہو چکا ہے جب کہ میں اپنے کام، معمولات اور خودمختاری کے ساتھ زندگی گزار رہی ہوں۔
سپر اسٹار کا کہنا تھا کہ انسان اپنی زندگی کے لیے بہت کچھ سوچتا اور منصوبہ بناتا ہے لیکن پھر اللّٰہ کی اپنی منصوبہ بندی ہوتی ہے اور یقیناً اس کا منصوبہ سب سے برتر ہے۔
پہلی بار ماں بننے کا حوالہ دیتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا کہ جب میں پہلی بار ماں بنی تھی تو میری عمر 24 سال تھی جب کہ اب میں 41 سال کی ہوں اور جذباتی و جسمانی طور پر ایک مختلف عورت ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: ماہ نور صفدر کا برائیڈل لُک توجہ کا مرکز، جیولری کی قیمت بھی سامنے آگئی
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے 24 سال کی عمر میں یہ تجربہ ایک خاص معصومیت کے ساتھ کیا تھا، صحت اچھی تھی اور میں ان تمام ممکنہ مشکلات کے بارے میں زیادہ نہیں سوچتی تھی لیکن اس بار یہ صورتحال جسمانی طور پر زیادہ مشکل ثابت ہوئی ہے، بعض دنوں میں جسم مجھے وہ کام کرنے کی اجازت نہیں دیتا جو میرا ذہن کرنا چاہتا ہے جب کہ میں ہمیشہ مصروف رہنے، کام کرنے، سفر کرنے اور بیک وقت کئی کام کرنے کی عادی رہی ہوں۔
ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ دوسری مرتبہ اس عمل سے گزرنے کے دوران مجھے بے حد خوشی کے ساتھ ساتھ خوف، تھکن اور خود کو کمزور محسوس کرنے جیسے جذبات کا بھی سامنا ہے۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی جن سے ان کا بیٹا اذلان 15 ستمبر 2009 کو پیدا ہوا جب کہ دونوں کی 2016 میں طلاق ہوگئی تھی بعد ازاں ماہرہ خان نے اپنی زندگی سلیم کریم کے ساتھ شروع کی اور اکتوبر 2023 میں بھوربن میں دونوں کی شادی ہوگئی۔