معروف پروڈیوسر اور شاعر محمد سلیم طاہر انتقال کر گئے
ان کے انتقال کی خبر سامنے آتے ہی شوبز، میڈیا اور ادبی حلقوں میں افسوس کی لہر دوڑ گئی۔
اہل خانہ کے مطابق محمد سلیم طاہر کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا۔ وہ اپنی پیشہ ورانہ خدمات، تخلیقی صلاحیتوں اور ادبی کاموں کے باعث پاکستانی میڈیا اور شاعری کے حلقوں میں ایک نمایاں مقام رکھتے تھے۔
ذہن نشین رہے کہ محمد سلیم طاہر نے پاکستان ٹیلی وژن کیلئے بطور پروڈیوسر خدمات انجام دیں اور مختلف ٹی وی پروگرامز کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی پیشہ ورانہ زندگی میں تخلیقی سوچ، معیاری کام اور فنون لطیفہ سے وابستگی نمایاں رہی۔
میڈیا اور ادبی شخصیات نے محمد سلیم طاہر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ساتھی فنکاروں، پروڈیوسرز، شاعروں اور مداحوں نے مرحوم کیلئے دعائے مغفرت اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔
یہ بھی پڑھیں:عروبہ مرزا نے ثاقب چدھڑ سے منسوب میسجز شیئر کر دیے
مرحوم محمد سلیم طاہر کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر 1 بج کر 30 منٹ پر مسجد یارسول اللہ، گلشن راوی لاہور میں ادا کی جائے گی، جس میں اہل خانہ، دوست احباب اور میڈیا و ادبی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔