مرغی اور انڈے کی قیمتوں میں اضافہ
سرکاری نرخ نامہ جاری ہونے کے باوجود مارکیٹ میں مقررہ قیمتوں پر اشیائے خورونوش کی دستیابی مشکل ہوگئی جبکہ دکانداروں کی جانب سے مہنگے داموں فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق مرغی کے گوشت کی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث قیمتوں میں اضافے کا رجحان برقرار ہے۔ سرکاری نرخ نامے میں برائلر مرغی کا گوشت 613 روپے فی کلو جبکہ صاف گوشت کی قیمت 630 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے۔
دوسری جانب زندہ برائلر مرغی کی سرکاری قیمت 423 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں اسے 450 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے، اس طرح شہریوں کو سرکاری نرخ سے 27 روپے فی کلو اضافی ادائیگی کرنا پڑ رہی ہے۔
فارمی انڈوں کی قیمتوں میں بھی سرکاری نرخ نامے اور مارکیٹ ریٹ میں فرق سامنے آیا ہے۔ سرکاری طور پر فارمی انڈوں کی قیمت 298 روپے فی درجن مقرر کی گئی ہے، تاہم دکانوں پر صارفین کو انڈے 300 روپے فی درجن فروخت کیے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ دکانوں پر سرکاری نرخ نامے تو آویزاں ہیں لیکن ان پر عملدرآمد نظر نہیں آتا، مقررہ قیمتوں پر چکن اور انڈے خریدنا مشکل ہوتا جا رہا ہے، جس سے گھریلو بجٹ بھی متاثر ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:پیٹرول کی نئی قیمتوں کا اعلان،نوٹیفکیشن جاری
شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخ نامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور زائد قیمتیں وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ عوام کو مہنگائی سے کچھ ریلیف مل سکے۔