عالمی منڈی میں تیل پھر مہنگا ہوگیا
رپورٹس کے مطابق پیر کو عالمی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت 52 سینٹ، یعنی 0.54 فیصد اضافے کے بعد 96.80 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت میں 66 سینٹ کا اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ 92.14 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گئی۔
خام تیل کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا، برینٹ خام تیل کی قیمت میں تقریباً 7.8 فیصد جبکہ WTI کی قیمت میں تقریباً 10 فیصد اضافہ ہوا تھا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق قیمتوں میں یہ تیزی امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ شروع ہونے والی فوجی کارروائیوں اور آبنائے ہرمز کے ذریعے تیل کی ترسیل میں کمی کے خدشات کے باعث سامنے آئی۔
امریکی سینٹرل کمانڈ نے کہا ہے کہ امریکی فورسز نے ہفتے کے روز تین ایرانی تیل بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنایا۔ ان میں سے ایک جہاز کو ایران کے اہم تیل برآمدی مرکز جزیرہ خارک کے قریب نشانہ بنایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:مرغی اور انڈے مزید مہنگے ہوگئے
معاشی ماہرین کے مطابق اگر خطے میں کشیدگی مزید بڑھی اور تیل کی سپلائی متاثر ہوئی تو عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے، جس کے اثرات عالمی معیشت اور صارفین تک بھی پہنچ سکتے ہیں۔