مرغی اور انڈے مزید مہنگے ہوگئے
تفصیلات کے مطابق سرکاری ریٹ لسٹ میں زندہ برائلر مرغی کی قیمت 333 روپے فی کلو مقرر کی گئی ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں یہی مرغی 399 روپے فی کلو تک فروخت کی جارہی ہے۔ اس طرح سرکاری نرخ اور بازار کی قیمت میں 66 روپے فی کلو کا نمایاں فرق سامنے آیا ہے۔
اسی طرح برائلر گوشت کا سرکاری نرخ 483 روپے فی کلو مقرر ہے، لیکن مارکیٹ میں صارفین کو یہ گوشت 550 روپے فی کلو تک خریدنا پڑ رہا ہے۔ سرکاری نرخ کے مقابلے میں برائلر گوشت کی قیمت میں 67 روپے فی کلو تک اضافی وصولی کی جارہی ہے۔
دوسری جانب فارمی انڈوں کی قیمت بھی شہریوں کیلئے تشویش کا باعث بن گئی ہے، سرکاری نرخ نامے کے مطابق انڈوں کی قیمت 241 روپے فی درجن مقرر کی گئی ہے، جبکہ اوپن مارکیٹ میں یہی انڈے 260 روپے فی درجن تک فروخت ہورہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی اشیاء کے ساتھ پروٹین سے بھرپور خوراک کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس سے خصوصاً متوسط اور کم آمدن والے طبقے کا گھریلو بجٹ شدید متاثر ہورہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:آٹے کی قیمتوں میں ایک پھر بڑا اضافہ
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام سرکاری نرخوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں اور ناجائز منافع خوری کیخلاف کارروائی کریں۔