پیٹرول اور ڈیزل مزید سستا، نوٹیفکیشن جاری
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کی گئی، جبکہ نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے کے بعد سے نافذ العمل ہو گیا ہے۔
اوگرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 39 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 328 روپے 56 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 385 روپے 86 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے اور ملک بھر میں تمام پیٹرول پمپس پر صارفین کو نئی نرخوں کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل فراہم کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ قیمتوں میں کمی سے ٹرانسپورٹ کے شعبے، تجارتی سرگرمیوں اور عام صارفین کو کسی حد تک مالی ریلیف ملنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اثر بتدریج اشیائے ضروریہ کی ترسیل کے اخراجات پر بھی پڑ سکتا ہے، تاہم اس کے مکمل اثرات کا انحصار مارکیٹ کے مجموعی رجحان اور کاروباری طبقے کے ردعمل پر ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ
خیال رہے کہ حکومت ایک دن بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں، درآمدی لاگت، روپے کی قدر اور دیگر معاشی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا تعین کرتی ہے۔