پاکستان سٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال
کاروبار کے ابتدائی اوقات میں زبردست خریداری کے رجحان کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس میں ایک ہزار سے زائد پوائنٹس کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس پہلی مرتبہ ایک لاکھ 86 ہزار 868 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا۔
مارکیٹ میں تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط ہوا، جبکہ مختلف شعبوں کے حصص میں نمایاں خریداری دیکھی گئی۔
معاشی ماہرین کے مطابق مثبت معاشی توقعات، سرمایہ کاری کے بڑھتے ہوئے رجحان اور کاروباری سرگرمیوں میں بہتری نے سٹاک مارکیٹ کو نئی بلندیوں تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان سٹاک ایکسچینج کا ہنڈرڈ انڈیکس ایک لاکھ 85 ہزار 910 پوائنٹس پر بند ہوا تھا، تاہم نئے ہفتے کے پہلے ہی دن مارکیٹ نے ایک بار پھر نئی تاریخ رقم کر دی۔
یہ بھی پڑھیں:موٹروے پر سفر مزید مہنگا، ٹول ٹیکس میں بھاری اضافہ
دوسری جانب عالمی منڈی میں بھی سونے کی قیمتیں دو ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب مستحکم رہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسپاٹ گولڈ کی قیمت 4,174.66 ڈالر فی اونس پر برقرار رہی، جبکہ اگست کیلئے امریکی گولڈ فیوچر 1.5 فیصد اضافے کے ساتھ 4,186.70 ڈالر فی اونس تک پہنچ گیا۔