پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مثبت رجحان
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز ہی مثبت زون میں ہوا، جہاں ہنڈریڈ انڈیکس میں 359 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اضافے کے بعد انڈیکس بڑھ کر 1 لاکھ 84 ہزار 880 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا، جو مارکیٹ میں مضبوط خریداری کے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق حالیہ تیزی کی ایک بڑی وجہ معاشی اشاریوں میں بہتری کی توقعات اور سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر شیئرز کی خریداری ہے۔ کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں استحکام کے آثار نمایاں ہو رہے ہیں، جس سے مستقبل میں مزید بہتری کی امید کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب کرنسی مارکیٹ میں بھی معمولی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے، انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 2 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ڈالر 278.15 روپے سے کم ہو کر 278.13 روپے پر آگیا ہے۔
ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر میں یہ معمولی کمی درآمدی دباؤ میں کمی اور مارکیٹ میں سپلائی و ڈیمانڈ کے توازن کی وجہ سے ہوئی ہے، تاہم کرنسی مارکیٹ میں مجموعی طور پر استحکام کا رجحان برقرار ہے۔
یہ بھی پڑھیں:عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی
مالیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہی مثبت رجحان جاری رہا تو آنے والے دنوں میں اسٹاک مارکیٹ میں مزید بہتری اور روپے کی قدر میں استحکام دیکھنے کو مل سکتا ہے۔