تعلیمی ادارے 12 نومبر تک بند رہیں گے، نوٹیفکیشن جاری
امارتِ مدینہ منورہ کی جانب سے جاری کردہ اعلان کے مطابق ینبع گورنریٹ کے تمام متعلقہ تعلیمی اداروں میں تدریسی سرگرمیاں 12 نومبر تک آن لائن جاری رہیں گی۔ اس فیصلے کا اطلاق طلبہ و طالبات کے ساتھ ساتھ اسکولوں کے تدریسی اور انتظامی عملے پر بھی ہوگا۔
اعلان میں واضح کیا گیا ہے کہ تمام طلبہ اور طالبات گھروں سے آن لائن کلاسز میں شرکت کریں گے، جبکہ اساتذہ اور اسکولوں کا انتظامی عملہ بھی اس فیصلے کے دائرہ کار میں شامل ہوگا۔
حکام کے مطابق تدریسی عمل کو جاری رکھنے کے لیے سعودی وزارتِ تعلیم کے منظور شدہ ڈیجیٹل تعلیمی نظام سے استفادہ کیا جائے گا۔ طلبہ کی آن لائن کلاسز، اسباق اور دیگر تعلیمی سرگرمیاں مدرستی پلیٹ فارم اور دیگر منظور شدہ تعلیمی ذرائع کے ذریعے جاری رہیں گی۔
مدرستی پلیٹ فارم کے ذریعے اساتذہ طلبہ کو تعلیمی مواد فراہم کرنے، اسباق پڑھانے اور تعلیمی سرگرمیوں میں رہنمائی دینے کی سہولت حاصل کرتے ہیں، جس سے گھر بیٹھے تعلیم کا سلسلہ برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکی نائب صدر نے ایران جنگ ختم کرنے کا مطالبہ کردیا
اس اقدام کا بنیادی مقصد احتیاطی انتظامات کے دوران طلبہ کی تعلیم کو متاثر ہونے سے بچانا اور تعلیمی سال کا معمول برقرار رکھنا ہے۔
والدین اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور آن لائن کلاسز میں اپنی حاضری یقینی بنائیں۔