آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرا کر آئل ٹینکر تباہ، ایران
تفصیلات کے مطابق ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والا آئل ٹینکر مقررہ اور مجاز راستے کے بجائے ایک غیر مجاز راستے پر سفر کر رہا تھا، جس کے نتیجے میں وہ بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا اور تباہ ہوگیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے مطابق ٹینکر کو پہلے ہی وارننگ جاری کی گئی تھی، تاہم جہاز کے عملے نے مبینہ طور پر اس انتباہ کو نظر انداز کیا اور اپنا سفر جاری رکھا۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کو سکیورٹی خدشات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کے لیے انتہائی اہم بحری گزرگاہ ہے، جہاں سے دنیا کے مختلف ممالک کو بڑی مقدار میں خام تیل فراہم کیا جاتا ہے۔ اس راستے میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں اور توانائی کی فراہمی کو متاثر کر سکتی ہے۔
امریکا اور ایران کے درمیان جاری تناؤ کے دوران اس سے قبل بھی آبنائے ہرمز اور اس کے اطراف متعدد آئل ٹینکروں کو نقصان پہنچنے اور جہازوں میں آگ لگنے کی اطلاعات سامنے آچکی ہیں۔
تاہم تازہ واقعے میں ٹینکر کی شناخت، عملے کی صورتحال اور نقصان کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔