پاکستانیوں کا جرمنی میں ملازمت کرنے کا سنہری موقع
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے مطابق پاکستانی شہری جرمنی میں دستیاب ملازمتوں کی تفصیلات دیکھنے کے لیے مذکورہ سرکاری پورٹل سے رجوع کرسکتے ہیں۔
Make it in Germany پورٹل پر مختلف شعبوں سے متعلق ملازمتوں کی معلومات دستیاب ہیں۔ ایسے ادارے بھی موجود ہیں جو بیرون ملک سے موزوں اور اہل امیدواروں کو بھرتی کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
جرمنی میں پاکستانی شہریوں کے لیے آئی ٹی، انجینئرنگ، نرسنگ، میڈیکل، سائنس اور مختلف ہنرمند شعبوں میں روزگار کے مواقع تلاش کیے جاسکتے ہیں۔
امیدوار اپنی تعلیمی قابلیت، پیشہ ورانہ تجربے اور مہارت کے مطابق دستیاب آسامیوں کا جائزہ لے سکتے ہیں۔
جرمنی میں روزگار کے لیے درخواست دینے والے پاکستانی شہریوں کو متعلقہ ملازمت کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ ضروریات پوری کرنا ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: عمان کا پاکستانی ہنرمند کارکنوں کے لیے پابندیاں نرم کرنے پر غور کا اعلان
امیدوار کے لیے اپنی تعلیمی قابلیت، متعلقہ شعبے میں تجربہ اور دیگر مطلوبہ دستاویزات مکمل رکھنا ضروری ہے۔ اس کے علاوہ جرمنی کے ورک ویزا سے متعلق شرائط بھی پوری کرنا ہوں گی۔
جرمن حکومت کے مطابق اہل اور ہنرمند افراد کے لیے جرمنی جانے کے مختلف ورک ویزا راستے موجود ہیں۔
بعض ملازمتوں کے لیے جرمنی روانگی سے قبل ملازمت کا معاہدہ حاصل کرنا بھی ضروری ہوسکتا ہے، اس لیے درخواست دینے سے پہلے متعلقہ ویزا کی شرائط کا جائزہ لینا اہم ہے۔
پاکستان میں جرمن مشن کے مطابق Make it in Germany پورٹل سے جرمنی میں ملازمتوں کے مواقع کے ساتھ ورک ویزا اور تعلیمی اسناد کی منظوری سے متعلق معلومات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں۔
ملازمت کے خواہشمند افراد کو چاہیے کہ درخواست دینے سے پہلے اپنی قابلیت، تجربے اور ویزا اہلیت سے متعلق تمام شرائط کا جائزہ لیں اور ملازمت کی تلاش کے لیے سرکاری ذرائع کو ترجیح دیں۔
جرمنی میں ملازمت کے خواہشمند پاکستانی شہری کسی بھی غیر مصدقہ ایجنٹ یا ویب سائٹ پر انحصار کرنے کے بجائے سرکاری ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر درخواست دینے کو ترجیح دیں۔