حوثی فورسز کا سعودی ایف-15 طیارہ مار گرانے کا دعویٰ
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے دعویٰ کیا کہ سعودی ایف-15 طیارے کو یمن کے شمال مشرقی صوبے مأرب میں جبل حیلان کے قریب نشانہ بنایا گیا، طیارہ مقامی سطح پر تیار کیے گئے زمین سے فضا میں مار کرنے والے میزائل کے ذریعے گرایا گیا۔
حوثی ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی لڑاکا طیارہ مأرب گورنری کی فضائی حدود میں فوجی کارروائیوں کے دوران موجود تھا، جسے یمنی مسلح افواج نے نشانہ بنایا۔
رپورٹس کے مطابق یمن اور سعودی عرب کے درمیان فضائی کارروائیوں اور سرحد پار حملوں میں حالیہ عرصے کے دوران شدت دیکھی گئی ہے۔ تاہم سعودی حکام یا سعودی قیادت میں قائم اتحاد کی جانب سے حوثی فورسز کے اس دعوے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب حوثی عہدیداروں نے سعودی عرب کی جانب سے مکہ مکرمہ کو نشانہ بنائے جانے کے دعوے کو بھی مسترد کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، 3 افراد ہلاک جبکہ 4 گاڑیاں متاثر
حوثی عہدیدار حازم الاسد نے سعودی اتحاد کے اس دعوے کو مسترد کیا جس میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب نے حوثیوں کی جانب سے مکہ مکرمہ کی طرف داغے گئے ایک ڈرون کو مار گرایا۔
حازم الاسد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں سعودی دعوے کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ مکہ کو نشانہ بنانے سے متعلق ایسے دعوے پہلے بھی سامنے آ چکے ہیں۔