طیارہ گر کر تباہ، تمام سوار افراد ہلاک
عالمی میڈیا کے مطابق حادثہ جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا کے شہر ایرکلنز کے علاقے گردیراتھ کے قریب پیش آیا۔ ہالینڈ کی وزارت خارجہ نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ جاں بحق افراد میں 57 اور 58 سالہ دو مرد جبکہ 23 سالہ ایک خاتون شامل ہیں۔
وزارت خارجہ کے مطابق طیارے نے مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بج کر 25 منٹ پر وسطی مغربی ہالینڈ کے شہر ہلورسوم کے ایک چھوٹے ہوائی اڈے سے پرواز کی تھی۔
پرواز کے تقریباً 53 منٹ بعد صبح 11 بج کر 18 منٹ پر جرمنی کے علاقے گردیراتھ کے قریب طیارے کا ریڈار سے رابطہ منقطع ہوگیا، کچھ ہی دیر بعد طیارہ گر کر تباہ ہوگیا۔
طیارے میں صرف تین افراد سوار تھے اور تینوں ہی حادثے میں جان کی بازی ہار گئے، حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ ہالینڈ کے ہلورسوم فلائٹ اسکول میں رجسٹرڈ تھا۔
فلائٹ اسکول کی انتظامیہ نے حادثے کی وجوہات سامنے آنے تک تمام پروازیں فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حادثے کے بعد متعلقہ اداروں کی جانب سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے تاکہ طیارے کے گرنے کی وجوہات کا تعین کیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں:سربیا کے صدر الیگزینڈر ووچیک کا مستعفی ہونے کا اعلان
ہالینڈ کے سیفٹی بورڈ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں معاونت کیلئے دو فضائی تحقیقاتی ماہرین کو بھی جائے حادثہ پر بھیجا گیا ہے۔