کارگو جہاز میں آگ لگ گئی، 25 افراد ہلاک
چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق واقعہ چنگ ڈاؤ شہر میں ایک شپ یارڈ پر پیش آیا، جہاں غیر ملکی پرچم بردار کارگو جہاز کی مرمت کا کام جاری تھا۔ مقامی وقت کے مطابق تقریباً 11 بج کر 15 منٹ پر جہاز میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
رپورٹس کے مطابق حادثے کے وقت جہاز پر مجموعی طور پر 42 افراد سوار تھے، امدادی کارروائی کے دوران 17 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا، اسپتال منتقل کیے گئے 5 افراد کی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔
سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری تصاویر میں جہاز کا نام اوشن میلوڈی بتایا گیا ہے، یہ 190 میٹر طویل لائبیریا کے پرچم بردار مال بردار جہاز ہے جو 31 اگست کو چنگ ڈاؤ پہنچا تھا۔
چینی حکام کے مطابق فائر فائٹرز اور امدادی ٹیموں نے کئی گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پالیا، تاہم ابتدائی طور پر آتشزدگی کی وجہ سامنے نہیں آسکی اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو میں ایک عینی شاہد نے بتایا کہ جہاز سے گھنا دھواں اٹھ رہا تھا، کسی دھماکے کی آواز نہیں سنی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:تبت میں 5.3 شدت کا زلزلہ، شہری گھروں سے باہر نکل آئے
چین کے صدر شی جن پنگ نے واقعے کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ اور ریسکیو آپریشن کرنے کی ہدایت کی، متعلقہ اداروں نے حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔