ایران اور امریکا کے درمیان بیک ڈور مذاکرات جاری ایک بار پھرشروع
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ واشنگٹن ایران کے ساتھ موجود تنازعات کے حل کیلئے پرعزم ہے اور اسی مقصد کے تحت دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی سطح پر رابطے اور مذاکرات جاری ہیں۔
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان اور قطر اس معاملے میں اہم ثالثی کردار ادا کر رہے ہیں، دونوں ممالک ایران اور امریکا کو ایک بار پھر باضابطہ مذاکرات کی میز پر لانے کیلئے سفارتی کوششوں میں مصروف ہیں تاکہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تناؤ میں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
گزشتہ دو روز کے دوران امریکی فوج نے ایران کیخلاف کارروائیاں کیں، جس کے جواب میں ایران نے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا۔
یہ بھی پڑھیں:فیکٹری میں آگ لگ گئی، 28 افراد لقمہ اجل بن گئے
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں نیٹو سربراہ کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ نئی ڈیل کرنے کے خواہاں نہیں، ایران کے ساتھ جنگ بندی بھی ختم ہو چکی ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ اگر ایران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتے تو وہ انہیں استعمال کرتا، اسی لیے وہ ایران کے ساتھ مزید وقت ضائع نہیں کرنا چاہتے۔