فیکٹری میں آگ لگ گئی، 28 افراد لقمہ اجل بن گئے
افسوسناک واقعے کے بعد امدادی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے اور متاثرہ افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی کوششیں کیں۔
چینی میڈیا کے مطابق آتشزدگی اس قدر شدید تھی کہ دیکھتے ہی دیکھتے آگ نے فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ، ریسکیو اہلکاروں اور طبی امدادی ٹیموں کی درجنوں گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں 28 افراد جان کی بازی ہار گئے، جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں کی درست تعداد اور ان کی حالت کے بارے میں فوری طور پر مزید تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
چین کے صدر شی جن پنگ نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ آتشزدگی کی وجوہات کا فوری اور شفاف انداز میں تعین کیا جائے، اگر کسی قسم کی غفلت یا حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی سامنے آئے تو ذمہ داروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
یہ بھی پڑھیں:شہید ایرانی سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای کی نماز جنازہ ادا
حکام نے فیکٹری کو سیل کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا، جبکہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی اصل وجہ سامنے نہیں آسکی۔ واقعے کے بعد صنعتی مراکز میں حفاظتی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لینے کی بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک سانحات سے بچا جا سکے۔