مسافر بس ٹرک سے ٹکرا گئی،8 افراد ہلاک درجنوں زخمی
حادثے کے نتیجے میں 8 افراد ہلاک جبکہ 24 سے زائد مسافر زخمی ہو گئے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ رات تقریباً ڈھائی بجے پیش آیا جب رشی کیش سے اندور جانے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث قابو سے باہر ہو کر سامنے آنے والے ٹرک سے جا ٹکرائی۔ تصادم کے فوراً بعد بس میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق 5 مسافر موقع پر ہی جھلس کر ہلاک ہو گئے جبکہ 2 افراد سر پر شدید چوٹیں لگنے سے دم توڑ گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ضلع دوسہ کے اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں متعدد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ممکنہ طور پر بس ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث گاڑی پر کنٹرول نہیں رہا، تاہم حادثے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
مقامی افراد نے الزام عائد کیا ہے کہ ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ تاخیر سے موقع پر پہنچیں، جس کے باعث آگ نے شدت اختیار کی اور جانی نقصان میں اضافہ ہوا۔
یہ بھی پڑھیں:6 جولائی کو چھٹی کا اعلان
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک اور پہلو پر بھی تفتیش کی جا رہی ہے کہ بس کے سامان والے حصے میں مبینہ طور پر سگریٹ کے پیکٹ موجود تھے، جس سے آگ تیزی سے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکام نے حادثے کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے جامع انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔