ایران سے معاہدے کے بہت قریب ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ
تفصیلات کے مطابق اپنے تازہ بیان میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ جاری تنازع کا حل جنگ نہیں بلکہ ایک تحریری اور باقاعدہ معاہدہ ہے، واشنگٹن اور تہران کے درمیان کئی اہم معاملات پر بات چیت جاری ہے، جس میں مثبت پیشرفت کے امکانات روشن ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکا ایران کے افزودہ یورینیم کے معاملے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے، اس حوالے سے مذاکرات میں پیش رفت ہو رہی ہے، ایران سے افزودہ یورینیم امریکا کے حوالے کرنے کے موضوع پر دونوں فریق رابطے میں ہیں اور مستقبل قریب میں اس حوالے سے اہم نتائج سامنے آ سکتے ہیں۔
امریکی صدر نے مزید کہا کہ اگر معاہدہ طے پا جاتا ہے تو خطے میں کشیدگی کم ہوگی، جس کے بعد آمد و رفت کیلئے آبنائے ہرمز بھی کھل جائے گی، جس سے عالمی تجارت اور تیل کی ترسیل پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔
ٹرمپ نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ سفارتی کوششوں کے ذریعے ایک ایسا معاہدہ ممکن ہے جو خطے میں امن و استحکام کے فروغ کا باعث بنے گا۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ نے نیتن یاہو کو پاگل کہہ دیا
اس حوالے سے سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کسی بھی ممکنہ معاہدے سے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔