ایران جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر متفق ہو گیا ہے: ٹرمپ کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر متفق ہو گیا ہے۔
فائل فوٹو
Updated | Published June, 3 2026 | Muhammad Bilal
واشنگٹن: (سنو نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہ رکھنے پر متفق ہو گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک انٹرویو کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایرانی سپریم لیڈر سید مجتبیٰ علی خامنہ ای امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات میں شریک ہیں اور وہ ہی مذاکرات کی منظوری دے رہے ہیں ۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران متفق ہوگیا ہے کہ وہ جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا ، ایران کی صورتحال تیزی سے بدل رہی ہے اور اسکے اچھے نتائج آئیں گے،وہاں زمینی فوج بھیجنے کی ضرورت نہیں۔

صدر ٹرمپ نے ایرانی سپریم لیڈر سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں شاید کسی موقع پر ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای سے ملاقات ہو جائے ، مجتبیٰ خامنہ ای سمیت مذاکرات میں شامل تمام متعلقہ رہنماؤں سے ملنا چاہوں گا۔

ایرانی سپریم لیڈر کی صحت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میری کبھی اُن سے ملاقات نہیں ہوئی ہے اس لیے ان کی صحت کے بارے میں یقین سے کچھ نہیں کہہ سکتا،اگر افواہوں پر یقین کیا جائے تو مجتبیٰ خامنہ ای اپنے جسم کے کئی حصوں سے محروم ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا ایران جنگ ایک بار پھر شروع، خطرے کی گھنٹیاں بج اٹھیں

امریکی صدر نے کہا کہ ایران کا تنازع ختم ہو گا تو فیول کی قیمتیں بھی کم ہوں گی، امید ہے جلد تیل کی قیمتوں میں کمی آجائے گی۔

ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو ٹیلی فون کال کے دوران پاگل کہنے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں نیتن یاہو کی لبنان جنگ کی وجہ سے پریشان تھا ،ویسے میں اسرائیلی وزیر اعظم کا احترام کرتا
ہوں۔