دوپہر 11 سے شام 4 بجے تک ڈیلیوری سروس بند، نوٹیفکیشن جاری
یہ پابندی یکم جون سے 31 اگست تک نافذ العمل رہے گی، اس دوران دوپہر 11 بجے سے شام 4 بجے تک کھلے آسمان تلے کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق کویت کی وزارت داخلہ اور ٹریفک اینڈ آپریشنز افیئرز سیکٹر نے تمام کمپنیوں اور آجروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ پبلک اتھارٹی فار مین پاور کے فیصلے پر مکمل اور سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت میں مسلسل اضافے کے باعث مزدوروں اور ڈیلیوری رائیڈرز کی صحت کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں، اسی لیے یہ اقدام انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ضروری قرار دیا گیا ہے۔
وزارت کے مطابق پابندی کے دوران ڈیلیوری کمپنیوں کی جانب سے استعمال ہونے والی تمام موٹرسائیکلوں کو سڑکوں اور عوامی مقامات پر چلانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس فیصلے کا اطلاق ملک بھر میں یکساں طور پر کیا جائے گا اور متعلقہ ادارے اس پر کڑی نگرانی کریں گے۔
حکام کی جانب سے خبردار کیا گیا ہے کہ مقررہ اوقات میں ڈیلیوری سروس جاری رکھنے یا بائیکس چلانے والی کمپنیوں اور رائیڈرز کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانوں، اجازت ناموں کی معطلی اور دیگر قانونی سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:میانمار میں ہولناک دھماکہ، 55 افراد جان کی بازی ہار گئے
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ایسا محفوظ، انسانی اور پائیدار ماحول فراہم کرنا ہے جہاں گرمیوں کے موسم میں مزدوروں کی صحت اور جان کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔