میانمار میں ہولناک دھماکہ، 55 افراد جان کی بازی ہار گئے
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکہ ملک کے اس علاقے میں پیش آیا جو باغی گروہوں کے زیرِ کنٹرول بتایا جاتا ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی سرگرمیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ متعدد عمارتیں اور دیگر ڈھانچے متاثر ہوئے، کئی افراد ملبے تلے دب گئے۔ ریسکیو ٹیمیں بھاری مشینری کی مدد سے متاثرہ مقام پر امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور مزید افراد کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 25 خواتین بھی شامل ہیں، زخمیوں کی بڑی تعداد کو قریبی طبی مراکز اور اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور اسباب کے بارے میں تاحال حتمی معلومات سامنے نہیں آسکیں، تاہم متعلقہ حکام اور امدادی ادارے صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں، متاثرہ علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں:نئے عمرہ سیزن کے لیے درخواستوں کا آغاز ہوگیا
دھماکے کے بعد میانمار کے مختلف حلقوں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، انسانی جانوں کے ضیاع پر عالمی برادری کی توجہ بھی اس واقعے کی جانب مبذول ہو گئی ہے،امدادی کارروائیاں تاحال جاری ہیں اور مزید تفصیلات کا انتظار کیا جا رہا ہے۔