ٹھوس نتائج کے بغیر امریکا سے کوئی بھی ڈیل ناممکن ہے: قالیباف

ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے واضح کیا ہے کہ ٹھوس نتائج کے بغیر امریکا سے کوئی بھی ڈیل ناممکن ہے۔
فائل فوٹو
Updated | Published May, 31 2026 | Muhammad Bilal
تہران: (ویب ڈیسک) ایران کے اعلیٰ مذاکرات کار اور پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے واضح کیا ہے کہ ٹھوس نتائج کے بغیر امریکا سے کوئی بھی ڈیل ناممکن ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق محمد باقر قالیباف کا پارلیمنٹ کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تہران امریکا کے ساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے کو صرف وعدوں یا بیانات کی بنیاد پر قبول نہیں کرے گا بلکہ اس کے لیے ٹھوس، عملی اور قابلِ تصدیق نتائج ضروری ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران ماضی کے تجربات کی روشنی میں مخالف فریق کے دعووں پر اندھا اعتماد نہیں کر سکتا، کسی بھی معاہدے میں ایران کے لیے اصل اہمیت اس بات کی ہو گی کہ اس کے نتائج عملی طور پر سامنے آئیں اور ایرانی عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے۔

قالیباف کا کہنا تھا کہ ایران مذاکرات کے دروازے بند نہیں کر رہا تاہم تہران کسی بھی ایسے معاہدے کا حصہ نہیں بنے گا جس میں صرف وعدے ہوں اور عملی ضمانتیں موجود نہ ہوں۔

ایرانی اسپیکر نے کہا کہ اگر کسی معاہدے کے نتیجے میں ایران کو حقیقی فائدہ نہیں ملتا اور عوام کے بنیادی حقوق محفوظ نہیں ہوتے تو ایران اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند نہیں ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: امریکا اور ایران معاہدے کے بہت قریب آچکے، جے ڈی وینس

ان کا کہنا تھا کہ تہران کا مؤقف واضح ہے کہ ہر معاہدہ قابلِ عمل، متوازن اور نتائج پر مبنی ہونا چاہیے، دشمن کے بیانات اور زبانی یقین دہانیوں پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا، اس لیے ایران صرف اسی صورت میں آگے بڑھے گا جب معاہدے کے اثرات عملی طور پر دکھائی دیں۔

محمد باقر قالیباف نے واضح اور دو ٹوک مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ ایرانی قیادت عوامی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔