امریکا کا ایران پر ایک بار پھر فضائی حملہ

امریکا
امریکا نے ایران پر فضائی حملے کر کے آبنائے ہرمز کے قریب فوجی اہداف کو نشانہ بنایا/ فائل فوٹو
Updated 9 گھنٹے قبل | Published May, 28 2026 |
(ویب ڈیسک) امریکا نے ایک بار پھر ایران پر فضائی حملے کر دیئے جس میں آبنائے ہرمز کے قریب فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی حکام نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج نے ایران کے شہر بندر عباس میں فوجی تنصیب پر نئے حملے کیے، امریکی حکام نے اس مقام کو اپنی فوج اور تجارتی بحری جہازوں کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ حملوں کا مقصد امریکی افواج اور آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کو لاحق خطرہ ختم کرنا تھا، امریکی فوج نے متعدد ایرانی ڈرون بھی مار گرائے۔

امریکی حکام نے دعویٰ کیا کہ ایران نے امریکی تجارتی جہاز پر 4 ڈرون فائر کیے تاہم امریکی فوج نے تمام ایرانی ڈرون مار گرائے، حملے کے وقت جہاز آبنائے ہرمز کے قریب موجود تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کو یورینیم چھوڑنے پر پابندیوں میں نرمی دی جائیگی: ٹرمپ

دوسری جانب امریکی حملوں کے جواب میں ایران نے جوابی حملے میں امریکی ائیر بیس کو نشانہ بنا دیا۔ ایرانی پاسداران انقلاب نے بندرعباس میں تازہ حملوں کے جواب پر امریکی ائیربیس کو نشانہ بنایا۔

پاسداران انقلاب کی جانب سے جاری بیان امریکی ائیربیس کی مزید تفصیل نہیں بتائی گئی، تاہم بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر امریکا نے مزید حملے کیے تو ایران انتہائی سخت اور فیصلہ کن ردعمل دے گا اور کشیدگی کے نتائج کا ذمہ دار امریکا خود ہوگا۔

ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ صدر ٹرمپ کی ترجیح ایران کے ساتھ مذاکرات ہے، ایران کے ساتھ معاہدے کی جانب پیش رفت ہوئی ہے، آنے والے چند گھنٹوں اور دنوں میں صورتحال دیکھیں گے، ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔