تیسرے اور چوتھے بچے کی پیدائش پر ہزاروں روپے دینے کا اعلان

Andhra Pradesh Birth Incentives
فائل فوٹو
Updated | Published May, 17 2026 |
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست آندھرا پردیش میں آبادی کی کم ہوتی شرح پر قابو پانے کیلئے حکومت نے ایک غیر معمولی اقدام کا اعلان کر دیا، جس کے تحت تیسرے اور چوتھے بچے کی پیدائش پر والدین کو مالی انعام دیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آندھرا پردیش کے وزیراعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے کہا ہے کہ معاشرے کو بڑھتی عمر کی آبادی اور کم ہوتی شرح پیدائش جیسے مسائل کا سامنا ہے، اس لیے اب وقت آ گیا ہے کہ زیادہ بچوں کی پیدائش کی حوصلہ افزائی کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق حکومت تیسرے بچے کی پیدائش پر والدین کو 30 ہزار بھارتی روپے جبکہ چوتھے بچے کی پیدائش پر 40 ہزار بھارتی روپے دینے کی تجویز پر کام کر رہی ہے، حکومت آئندہ ایک ماہ کے دوران اس منصوبے سے متعلق مزید تفصیلات جاری کرے گی۔

یہ اعلان اس سے قبل دوسرے بچے کی پیدائش پر 25 ہزار روپے دینے کی تجویز کے بعد سامنے آیا ہے، تاہم بعد ازاں ریاستی وزیر صحت ستیا کمار یادو نے واضح کیا کہ حکومت نے مالی مراعات کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے تیسرے اور اس سے زیادہ بچوں والے خاندانوں تک بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

این چندرابابو نائیڈو نے اس موقع پر کہا کہ آمدنی میں اضافے اور بدلتے سماجی رجحانات کے باعث کئی جوڑے صرف ایک بچے پر اکتفا کر رہے ہیں، جبکہ بعض خاندان دوسرا بچہ صرف مخصوص سماجی وجوہات کی بنا پر پیدا کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:امریکہ اور اسرائیل کی ایران پر نئے حملوں کی تیاری؟

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر شرح پیدائش میں مسلسل کمی جاری رہی تو مستقبل میں ریاست کو افرادی قوت اور معاشی توازن کے مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، کسی بھی آبادی کو مستحکم رکھنے کیلئے فی خاتون اوسطاً 2.1 بچوں کی شرح پیدائش ضروری سمجھی جاتی ہے۔