اٹلی اسٹڈی ویزا کیلئے بینک سٹیٹمنٹ میں بھاری اضافہ
اٹلی کی وزارتِ یونیورسٹی و ریسرچ کی جانب سے تعلیمی سال 2026-27 اور 2027-28 کیلئے نئے قواعد جاری کیے گئے ہیں، جن کے مطابق مالی ثبوت کی حد پہلے کے مقابلے میں کافی بڑھا دی گئی ہے۔
اب اسٹڈی ویزا (ٹائپ ڈی) حاصل کرنے کیلئے طالب علم کو سالانہ کم از کم 10,179.85 یورو کے مالی وسائل ظاہر کرنا ہوں گے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 32 لاکھ روپے سے زائد بنتے ہیں۔ اس سے قبل یہ حد تقریباً 6,000 یورو تھی، جس میں اب لگ بھگ 4,000 یورو کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اطالوی حکام نے واضح کیا ہے کہ بینک میں موجود رقم مکمل طور پر قانونی اور قابلِ تصدیق ہونی چاہیے۔ سفارت خانہ درخواست دہندہ کے فنڈز کے ذرائع کی مکمل جانچ پڑتال کرے گا۔ ترجیح دی جائے گی کہ رقم طالب علم کے اپنے اکاؤنٹ میں موجود ہو، تاہم چوتھے درجے تک کے قریبی رشتہ دار بطور اسپانسر معاونت فراہم کر سکتے ہیں۔
مزید کہا گیا کہ صرف ویزا کے حصول کیلئے عارضی طور پر جمع کروائی گئی رقم قابل قبول نہیں ہوگی، بلکہ اکاؤنٹ کی مسلسل لین دین اور اسپانسر کی مالی حیثیت کو بھی جانچا جائے گا، محض اسکالرشپ کیلئے درخواست دینا یا اس کا اہل ہونا کافی نہیں، جب تک اسکالرشپ کی حتمی منظوری نہ ملے، مکمل بینک سٹیٹمنٹ دکھانا لازمی ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں:ایران پاکستان میں مذاکرات کیلئے تیار ہوگیا، امریکی اخبار
یاد رہے کہ یونیورسٹی میں داخلہ یا پری انرولمنٹ ویزا کی ضمانت نہیں ہے، بلکہ حتمی فیصلہ اطالوی سفارت خانہ درخواست دہندہ کے تعلیمی پس منظر، مالی حیثیت اور مقصد سفر کو مدنظر رکھتے ہوئے کرے گا۔