زمینی کارروائی کی صورت میں ایک بھی امریکی فوجی زندہ نہیں بچے گا، ایرانی آرمی چیف
Iran army warning
فائل فوٹو
تہران: (ویب ڈیسک) ایرانی آرمی چیف میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا ہے کہ اگر دشمن نے زمینی کارروائی کی تو ایک بھی فوجی زندہ نہیں بچے گا، ایران فوج نے دشمن کو جواب دینے کی مکمل طور تیار ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایران کی اعلیٰ فوجی قیادت نے دشمن کو سخت پیغام دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی ممکنہ زمینی کارروائی کی صورت میں جارح قوتوں کو شدید نقصان اٹھانا پڑے گا۔

ایرانی فوج کے سربراہ میجر جنرل امیر حاتمی نے کہا کہ ایران اپنی دفاعی صلاحیتوں کے ساتھ مکمل طور پر تیار ہے، دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ایرانی فوجی قیادت کے مطابق آپریشنل ہیڈکوارٹرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، جبکہ دشمن کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

امیر حاتمی نے واضح کیا کہ دشمن زمینی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، تاہم ایرانی فوج ہر ممکن حکمت عملی کے ذریعے اس حملے کو ناکام بنانے کیلئے تیار ہے۔

دوسری جانب ایران کے سینیئر رہنما علی اکبر ولایتی نے کہا کہ جاری کشیدگی کا اختتام ایران کی ثابت قدمی اور حکمت عملی کے ساتھ ہوگا، آبنائے ہرمز ایران کے دوست ممالک کیلئے کھلی رہے گی جبکہ دشمن قوتوں کیلئے یہ راستہ بند رکھا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیلی حملہ: سابق وزیرخارجہ کمال خرازی زخمی،اہلیہ شہید

ادھر پاسداران انقلاب کے ترجمان نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ ایران کی فوجی طاقت کے بارے میں دشمنوں کی معلومات مکمل نہیں ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران ایسے مقامات پر میزائل تیار کرتا ہے جن کے بارے میں بیرونی دنیا کو علم نہیں، اب تک جن مقامات کو نشانہ بنایا گیا وہ غیر اہم تھے۔