ایم ڈی کیٹ شیڈول میں بڑی تبدیلی کا اعلان
MDCAT schedule change Pakistan
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) حکومت نے ایم ڈی کیٹ کے امتحانات میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے تیاری کے وقفے کو چھ ماہ سے کم کرکے ایک ہفتہ کردیا ہے۔

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں میں داخلوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایم ڈی کیٹ کے شیڈول میں اہم تبدیلی کا اعلان کر دیا ہے۔

نئے فیصلے کے تحت اب ایم ڈی کیٹ امتحان ایف ایس سی کے امتحانات کے بعد ایک ہفتہ کے اندر منعقد کیا جائے گا، جسکا مقصد داخلہ عمل کو تیز، شفاف اور منظم بنانا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے طلبہ کو طویل انتظار سے نجات ملے گی اور وہ جلد اپنی تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں گی۔

وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے اس فیصلے کو مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے طلبہ کی تعلیمی تسلسل برقرار رہے گا اور وہ بغیر وقفے کے اپنی تیاری مکمل کر سکیں گے، پی ایم ڈی سی کے صدر ڈاکٹر رضوان تاج کے مطابق یہ پالیسی 2026 کے ایف ایس سی امتحانات سے نافذ العمل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ائیرپورٹ میں فائیو جی سروسز متعارف

حکام کا کہنا ہے کہ صوبائی اداروں سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے اور وہ نئے شیڈول کے تحت امتحانات کے انعقاد کیلئے تیار ہیں۔

گزشتہ سال ملک بھر سے 1 لاکھ 40 ہزار سے زائد امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی جبکہ مختلف شہروں میں امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے۔