نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ٹول ٹیکس میں بھاری اضافہ کر دیا
نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے قومی شاہراہوں اور موٹروے پر ٹول ٹیکس میں بھاری اضافہ کر دیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے قومی شاہراہوں اور موٹروے پر ٹول ٹیکس میں بھاری اضافہ کر دیا۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے ٹول ٹیکس میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، ٹول ٹیکس میں اضافہ 5 اپریل سے نافذالعمل ہوگا، قومی شاہراہوں پر موٹرکار کا ٹول 100 روپے مقرر، کوہاٹ ٹنل پر کار کا ٹول 250 روپے کردیا گیا ہے۔

نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موٹروے ایم ون، ایم 3، ایم 4 ، ایم 5، ایم 14 اور ای 35 پر بھی ٹول ٹیکس میں بھاری اضافہ کر دیا ہے، اسلام آباد سے پشاور جانے والی ایم ون موٹروے پر کار کا ٹول ٹیکس 700 روپے کر دیا گیا۔

لاہور سے عبدالحکیم جانے والی ایم تھری پر کار کیلئے ٹول ٹیکس 800 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کر دیا گیا جبکہ پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور ملتان جانے والی ایم فور پر کار کیلئے ٹول ٹیکس 1050 روپے سے بڑھا کر 1300 روپے کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پٹرول کی قیمت میں کمی کا امکان، ڈیزل مہنگا ہونے کا خدشہ

نوٹیفکیشن کے مطابق ملتان سے سکھر جانے والی ایم فائیو پر کار کا ٹول ٹیکس 1200 روپے سے بڑھا کر 1500 روپے مقرر کر دیا گیا جبکہ ڈی آئی خان تا ہکلہ موٹروے ایم 14 پر موٹر کار کا ٹول ٹیکس 650 روپے بڑھا کر 800 کر دیا گیا۔

اسی طرح حسن ابدال، حویلیاں، مانسہرہ ای 35 پر موٹر کار کا ٹول ٹیکس 300 روپے سے بڑھا کر 350 روپے مقرر کیا گیا۔

موٹروے ایم ون، ایم 3، ایم 4 ، ایم 5، ایم 14 اور ای 35 پر بڑی گاڑیوں کے ٹول ٹیکس میں بھی بڑا اضافہ کیا گیا ہے، آرٹیکیولیٹڈ ٹرک کا ٹول بعض روٹس پر 7000 روپے سے بھی تجاوز کر گیا ہے۔